27 جنوری 2014 - 20:30
ایران، دہشتگردی کے خلاف سلامتی کونسل کی قرارداد کا خیر مقدم

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان محترمہ مرضیہ افخم نے دہشتگردی کے خلاف مہم سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کو اس لعنت کے خلاف ایک موثر اقدام سے تعبیر کیا۔

ابنا: ایران کے دفتر خارجہ کی ترجمان نے آج ملکی و غیر ملکی نامہ نگاروں سے گفتگو میں اس قرارداد کے بارے میں کہا کہ دنیا کے تمام ملکوں کی جانب سے مشترکہ طور پر اٹھائے جانے والے اقدام سے دہشتگردی کا موثر طور پر مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔انھوں نے اس قرارداد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف مہم میں تمام ملکوں کے، دوہرے معیار سے دوری اختیار کرتے ہوئے متحدہ اقدام کی ضرورت ہے ورنہ اس سلسلے میں امتیازی سلوک برتے جانے سے دنیا کے بیشتر ممالک، اس لعنت کا نشانہ بنتے رہیں گے۔ مرضیہ افخم نے کہا کہ دہشتگردی کے مسئلے پر عالمی برادری اور ذرائع ابلاغ کی توجہ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اقدام، ایک ایسا موثر ہتھیار ہے کہ جس سے اس لعنت کے خلاف مہم میں اچھے نتائج نکل سکتے ہیں۔انھوں نے ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے آئندہ مذاکرات کے بارے میں کہا کہ یہ مذاکرات آئندہ دو ہفتوں میں ہوں گے تاہم ان مذاکارت کی جگہ اور وقت کے بارے میں باضابطہ طور پر بعد میں اعلان کیا جائیگا۔مرضیہ افخم نے ترکی کے وزیراعظم کے دورۂ ایران کی اہمیت پر بھی تاکید کی۔

.......

/169